چیمپئنز ٹرافی: 2017 کے مقابلے کتنی انعامی رقم مل سکتی ہے؟

پاکستان نے 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیت کر 2.2 ملین ڈالر انعامی رقم حاصل کی تھی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے انعامی رقم کا اعلان ابھی تک نہیں کیا، لیکن شائقین کرکٹ 2017 کے ایڈیشن کی بنیاد پر انعامی رقم کے بارے میں اندازے لگا رہے ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ فروری اور مارچ 2025 میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا جبکہ فائنل 9 مارچ کو منعقد ہوگا۔ آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، ٹورنامنٹ میں دنیا کی 8 بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی اور 15 میچز ہوں گے۔

پاکستان میں اس ایونٹ کے لیے کراچی، لاہور، اور راولپنڈی کے تین مقامات کو منتخب کیا گیا ہے، جہاں ہر وینیو پر 3 گروپ میچز کھیلے جائیں گے۔

2017 میں انگلینڈ اور ویلز میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے 4.5 ملین ڈالر کی مجموعی انعامی رقم رکھی گئی تھی۔ فاتح ٹیم پاکستان نے 2.2 ملین ڈالر حاصل کیے تھے، جبکہ رنر اپ بھارت کو 1.1 ملین ڈالر دیے گئے تھے۔

دیگر دو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو 450,000 ڈالر ملے تھے، اور ہر گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 90,000 ڈالر، جبکہ آخری نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 60,000 ڈالر انعام دیا گیا تھا۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی انعامی رقم 2017 کے مقابلے دوگنی ہو سکتی ہے، کیونکہ آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کو خاص طور پر پاک بھارت مقابلے سے بڑی آمدنی کی توقع ہے۔

پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے درمیان جاری ہائبرڈ ماڈل کی بحث نے بھی ایونٹ کی اہمیت میں اضافہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان بطور دفاعی چیمپئن اس ٹورنامنٹ میں ہوم گراؤنڈ پر شائقین کے سامنے شرکت کرے گا

متعلقہ خبریں

مقبول ترین