نئی دہلی: بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ کو طبیعت خراب ہونے پر نیم بے ہوشی کی حالت میں فوری طور پر دہلی کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے ان کا علاج کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور دنیا سے رخصت ہو گئے۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک مسلسل دو مرتبہ بھارت کے وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے۔ اس کے علاوہ وہ وزیر خزانہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔
معاشیات میں پی ایچ ڈی کرنے والے منموہن سنگھ نے اپنی سیاسی زندگی سے قبل بھارتی اسٹیٹ بینک کے گورنر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
منموہن سنگھ کی شخصیت نہ صرف ایک سیاستدان بلکہ ایک ماہر معاشیات کے طور پر بھی قابل ذکر رہی۔ ان کی 2005 سے یہ دیرینہ خواہش رہی کہ دنیا سیاچن کو "امن کا پہاڑ” تسلیم کرے، اور انہوں نے اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھی کوششیں کیں۔