اسلام آباد: پاکستان میں ہر شہری پر 18 سال کی عمر کے بعد قومی شناختی کارڈ بنوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔نادرا آرڈیننس 2000 کے تحت 18 سال کی عمر مکمل کرنے کے بعد 90 دن کے اندر قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست دینا ضروری ہے۔
نادرا آرڈیننس کے سیکشن 9 (1) کے مطابق، 90 دن کے اندر شناختی کارڈ کے لیے درخواست دینا شہریوں کی قانونی ذمہ داری ہے۔ اگر مقررہ مدت میں درخواست نہیں دی گئی تو سیکشن 30 (e) کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس کے مطابق، تاخیر کی صورت میں شہری کو 6 ماہ تک قید بامشقت یا 50,000 روپے تک جرمانہ، یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
نادرا نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیں اور مقررہ وقت میں شناختی کارڈ کے لیے درخواست دیں تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
شناختی کارڈ بنوانے کی لازمی شرط:
18 سال کی عمر مکمل کرنے کے بعد 90 دن میں درخواست دینا ضروری۔
مقررہ وقت میں شناختی کارڈ نہ بنوانے پر قید یا جرمانہ ہو سکتا ہے۔
نادرا کی جانب سے شہریوں کو متنبہ کیا گیا کہ قانونی تقاضوں کی پاسداری کریں۔
نادرا کا مقصد قومی سطح پر ہر شہری کا اندراج یقینی بنانا ہے تاکہ وہ اپنی شناخت کے تمام حقوق سے فائدہ اٹھا سکیں۔ شناختی کارڈ کے بغیر سرکاری دستاویزات، سفری سہولیات اور دیگر اہم امور میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
اپنی شناخت کا تحفظ کریں اور وقت پر قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست جمع کروائیں۔ نادرا کی اپیل