ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہفتے میں چار سیب کھانے سے قلبی امراض کے سبب موت کا خطرہ تقریباً40 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ کیلے بھی دل کی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں اور وقت سے پہلے موت کے امکانات 30 فیصد تک کم کر دیتے ہیں۔ خاص طور پر اگر سیب اور کیلے کو ایک ساتھ ہفتے میں تین یا چار بار کھایا جائے تو یہ خطرہ 50 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
یہ تحقیق جرنل "فرنٹیئر ان نیوٹریشن” میں شائع ہوئی، جس میں چینی سائنس دانوں نے 2184 ایسے مرد و خواتین کا جائزہ لیا جن کی عمر درمیانی تھی اور ان میں کولیسٹرول کی سطح بلند تھی۔
تحقیق میں 10 سال کے دوران یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ جو افراد ہفتے میں تین سے چار سیب کھاتے ہیں، ان کے موت کے امکانات سیب نہ کھانے والوں کے مقابلے میں 39 فیصد کم ہو جاتے ہیں۔
اسی طرح کیلے کے استعمال کے بھی مثبت اثرات دیکھے گئے، جو دل کی صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوئے۔یہ تحقیق نہ صرف پھلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے بلکہ صحت مند طرز زندگی اپنانے کے لیے عوام کو رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے۔