کوہلی کی تصویر میں بچے کی فیڈرِ، آسٹریلوی میڈیا کی حرکت پر بھارتی ناراضی

جمعے کی صبح آسٹریلوی میڈیا نے ویرات کوہلی کے بارے میں سخت زبان استعمال کی

آسٹریلوی اخبار کے تنقیدی تبصرے پر بھارتی کرکٹ حلقے برہم، سابق کھلاڑیوں نے ویرات کوہلی کے حق میں آواز بلند کی۔

آسٹریلوی اوپنر سے کندھے ٹکرانے کے واقعے پر بھارتی کرکٹ کے سپر اسٹار ویرات کوہلی کو جوکر اور مسخرا کہنے پر بھارتی میڈیا اور سابق کرکٹرز نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، کرکٹ کی دنیا میں رنز مشین کہلائے جانے والے ویرات کوہلی کے خلاف میلبرن ٹیسٹ میچ سے قبل ہی آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی اور میڈیا ایسے بیانات دے رہے ہیں تاکہ انہیں دباؤ میں لایا جا سکے۔

میلبرن میں جاری سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز 19 سالہ آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس نے غیر معمولی بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی بولرز کی خوب دھلائی کی، جس کے بعد ویرات کوہلی اور سیم کے درمیان تنازع ہوا۔ میچ کے 10ویں اوور کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں کے کندھے ٹکرانے کے بعد تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

اس جھگڑے کے دوران امپائرز اور عثمان خواجہ نے مداخلت کرکے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا۔ بعدازاں، کوہلی کو تنبیہ کرتے ہوئے ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ اور ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

جمعے کی صبح آسٹریلوی میڈیا نے ویرات کوہلی کے بارے میں سخت زبان استعمال کی۔ ایک اخبار نے انہیں ’’مسخرا‘‘ اور ’’جوکر‘‘ کہہ کر مخاطب کیا، جبکہ ایک تصویر میں کوہلی کو بچے کی فیڈر کے ساتھ دکھایا گیا، جو بھارتی فینز کے لیے ناقابل قبول تھی۔

بھارتی میڈیا، کرکٹ فینز اور سابق کرکٹرز نے آسٹریلوی میڈیا کی اس حرکت کو انتہائی نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیا۔ ان کے مطابق، کوہلی جیسے عالمی سطح کے کھلاڑی پر ایسے بیانات کرکٹ کے کھیل کی روح کے منافی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین