پاکستانی سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان ہلاک و زخمی

افغانستان کی طرف بھاری جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئیں

پاکستانی سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان ہلاک و زخمی

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے کرم اور شمالی وزیرستان کے علاقوں میں دراندازی کی کوشش کی۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے موثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان ہلاک و زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق تقریباً 20 سے 25 خوارج نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں سے گزر کر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ان کی پیش قدمی کو روکا۔ 28 دسمبر کی صبح ایک بار پھر خوارج نے افغان طالبان کے تعاون سے پاکستانی علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کی اور ناکامی پر پاکستانی پوسٹوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔

پاکستانی فورسز نے اس بلااشتعال حملے کا بھرپور جواب دیا۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کی طرف بھاری جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان ہلاک ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ موثر کارروائی کے دوران افغان طالبان اپنی 6 پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے، اور ان کے نقصانات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اپنی سرحدی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اس کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں اٹھایا، تاہم 3 جوان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان نے کئی بار عبوری افغان حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ان کی سرزمین کو پاکستان مخالف کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ اس کے باوجود افغان طالبان مسلسل خوارج کی معاونت کر رہے ہیں، جو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔

پاکستانی فورسز نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین