ریاض :سستی سعودی ائیرلائن کا پاکستان کیلئے فلائٹ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پروازیں 2 فروری 2025 سے شروع ہوں گی۔
سعودی عرب کی کم لاگت ایئرلائن فلائی اے ڈیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2 فروری 2025ء سے کراچی کے لیے شیڈول پروازیں شروع کرے گی۔ یہ اقدام ایئرلائن کی بین الاقوامی توسیع کا ایک بڑا حصہ ہے اور پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے اس کی پہلی شیڈول سروس ہوگی۔
ایئرلائن کے مطابق، کراچی سے سعودی عرب کے شہروں ریاض اور جدہ کے لیے ہفتے میں دو پروازیں ہوں گی۔ فلائی اے ڈیل کے سی ای او سٹیون گرین وے نے پاکستانی حکام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے دیگر شہروں کے لیے بھی پروازیں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سی ای او کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ لوگ زیارت، کاروبار، یا اہل خانہ سے ملنے کے لیے سفر کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایئرلائن نے یہ روٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلائی اے ڈیل نے پہلے پاکستان کے لیے خصوصی حج چارٹر پروازیں چلائی تھیں، اور کراچی کے لیے یہ نئی سروس جنوبی ایشیا کے لیے ان کی پہلی مستقل پرواز ہوگی۔