جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 179 افراد ہلاک

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، لینڈنگ گیئر کی خرابی حادثے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے

سیئول:جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر ایک بڑا فضائی حادثہ پیش آیا۔ لینڈنگ کے دوران ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں 179 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، حادثہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر ایئرپورٹ کی باڑ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔

یہ حادثہ موان ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو جنوبی کوریا کا ایک اہم اور مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ حادثے کا شکار طیارہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے واپس آرہا تھا۔ اس میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔

عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں لگی آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا۔ امدادی ٹیموں نے دو افراد کو زندہ نکال لیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، لینڈنگ گیئر کی خرابی حادثے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔ ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے واقعے کی مکمل چھان بین شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کی بدولت آگ پر جلد قابو پا لیا گیا اور زخمیوں کی فوری مدد کی گئی۔

ایئرلائنز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی معیارات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی، اور حادثے کے شکار مسافروں کے خاندانوں کو آگاہ کرنے کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین