لاہور:لاہور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ارشد انصاری نے میدان مار لیا۔ انتخابات میں جرنلسٹ پروگریسو گروپ نے واضح برتری حاصل کی۔ دیگر نشستوں پر بھی کامیاب امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا، جنہوں نے مختلف عہدوں پر کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کے سالانہ انتخابات کے نتائج سامنے آگئے، جن میں جرنلسٹ پروگریسو گروپ کے امیدوار ارشد انصاری نے صدر کی نشست پر 1108 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ان کے مخالف، پائنیرز پروگریسو گروپ کے بابر ڈوگر، 818 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
سینئر نائب صدر کی نشست پر افضال طالب 1123 ووٹ کے ساتھ کامیاب ہوئے، جبکہ ان کے مد مقابل حافظ فیض 780 ووٹ حاصل کر سکے۔ نائب صدر کے عہدے پر صائمہ نواز 980 ووٹ لے کر فاتح رہیں، جبکہ امجد عثمانی نے 873 ووٹ حاصل کیے۔
جنرل سیکرٹری کی نشست پر زاہد عابد 904 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ دیگر امیدواروں میں زاہد شیروانی نے 616 اور جعفر بن یار نے 375 ووٹ حاصل کیے۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر سالک نواز 1163 ووٹ کے ساتھ جیت گئے، جبکہ جواد رضوی نے 692 ووٹ حاصل کیے۔
جوائنٹ سیکرٹری کی نشست عمران شیخ نے 764 ووٹ لے کر جیتی۔ ان کے مخالفین میں مخدوم اطہر نے 687، فرخ بٹ نے 360، اور ظہیر شیخ نے 100 ووٹ لیے۔
گورننگ باڈی کے انتخابات میں جرنلسٹ پروگریسو گروپ اور پائنیرز پروگریسو گروپ کے چار چار امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار اسد گڈو نے بھی گورننگ باڈی کی نشست جیت لی۔ کامیاب ہونے والوں میں جرنلسٹ پروگریسو پینل کے الفت مغل، خواجہ سرمد فرخ، رانا شہزاد، اور شاہدہ بٹ شامل ہیں۔
پائنیرز پروگریسو پینل کی جانب سے محبوب شیخ، محبوب چودھری، بدر سعید، اور شاکر اعوان نے کامیابی حاصل کی۔ آزاد امیدوار کے طور پر اسد گڈو گورننگ باڈی کا حصہ بنے۔
صوبائی وزیر اطلاعات، عظمیٰ بخاری نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے دل و جان سے کام کریں گے۔