راولپنڈی:توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں منعقد ہوئی، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کی گئیں۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی سربراہی میں سماعت ہوئی، جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔ ان کے ساتھ وکلاء کی ٹیم، بشمول بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین نے کیس کے سلسلے میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا اور عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 108 تحائف کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، توشہ خانہ کے ریکارڈ سے متعلق دو رجسٹرز بھی عدالت میں پیش کیے گئے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح مکمل کی، جبکہ آئندہ سماعت پر وکیل سلمان صفدر گواہ پر مکمل جرح کریں گے۔
گواہ نے عدالت کو تحائف کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اپریزرز کے ذریعے قانونی طریقہ کار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے 100 صفحات پر مشتمل ریکارڈ عدالت کے حوالے کیا، جس میں تحائف کی فہرست شامل تھی۔
کیس کی موجودہ صورتحال کے مطابق تین گواہوں کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں، اور کیس کی آئندہ سماعت 2 جنوری کو ہوگی۔