میلبرن میں ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو زبردست شکست دی۔ شائقین کی ریکارڈ تعداد نے میچ کو یادگار بنا دیا۔ آسٹریلیا نے نہ صرف سیریز میں برتری حاصل کی بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات بھی روشن کر لیے۔
میلبرن: آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پانچویں روز بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔
چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کو 340 رنز کا ہدف ملا تھا، لیکن بھارتی ٹیم صرف 155 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کے 9 کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ یشسوی جیسوال 84 اور رشبھ پنت 30 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسپنر نیتھن لیون نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
آسٹریلوی بولرز نے بھارتی ٹیم کی آخری سات وکٹیں صرف 34 رنز کے اضافے سے گرائیں۔ بھارت کے 121 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ تھے، لیکن باقی بلے باز کوئی مزاحمت نہ کر سکے۔ پیٹ کمنز کو میچ میں دونوں اننگز میں 3، 3 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس شکست کے بعد بھارت کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں کم ہوگئیں۔ تاہم، بھارت کے پاس سڈنی ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کا موقع ہے، جس سے بارڈر-گاوسکر ٹرافی اپنے پاس برقرار رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کو فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے سڈنی ٹیسٹ جیتنا یا ڈرا کرنا ہوگا۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اس میچ کے دوران شائقین کی تعداد نے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ پانچ دنوں میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زائد افراد گراؤنڈ میں آئے۔ اس سے پہلے 1937 میں 3 لاکھ 50 ہزار 534 شائقین نے میچ دیکھا تھا۔
پہلے دن 87 ہزار، دوسرے دن 85 ہزار، تیسرے دن 83 ہزار، چوتھے دن 43 ہزار، اور پانچویں دن 51 ہزار 371 شائقین نے میدان کا رخ کیا۔
ایم سی جی میں شائقین کی سب سے بڑی تعداد 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کے میچ کے دوران دیکھی گئی تھی، جہاں 90 ہزار 293 لوگ موجود تھے۔ اس کے علاوہ بھارت اور زمبابوے کے میچ میں 82 ہزار 507 شائقین نے شرکت کی تھی۔
آسٹریلیا اگر آخری ٹیسٹ جیت لیتا ہے تو وہ جنوبی افریقہ کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ پکی کر لے گا۔