کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد حصص سعودی عرب کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی

معاہدہ بین الحکومتی ٹرانزیکشن ایکٹ کے تحت طے پایا ہے

ریکوڈک منصوبے میں پاکستان نے سعودی عرب کو 15 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ معاہدہ 540 ملین ڈالرز میں طے پایا ہے، جس کی ادائیگی دو مراحل میں ہوگی۔ سعودی فنڈ برائے ترقی نے بلوچستان میں معدنیات کے شعبے کے فروغ اور چاغی میں معدنی وسائل کی تلاش کے لیے سرمایہ کاری کا عندیہ بھی دیا ہے۔

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد شیئرز سعودی عرب کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ معاہدہ بین الحکومتی ٹرانزیکشن ایکٹ کے تحت طے پایا ہے، جس کے مطابق سعودی عرب کو 540 ملین ڈالرز کے عوض یہ شیئرز براہ راست منتقل کیے جائیں گے۔

سعودی عرب یہ رقم دو اقساط میں ادا کرے گا۔ پہلے مرحلے میں 10 فیصد شیئرز کی منتقلی پر 330 ملین ڈالرز ادا کیے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 5 فیصد شیئرز کی منتقلی کے بعد 210 ملین ڈالرز کی ادائیگی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ، سعودی فنڈ برائے ترقی نے بلوچستان میں معدنیات کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے اضافی 150 ملین ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں، سعودی عرب نے چاغی کے علاقے میں معدنی وسائل کی تلاش اور سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ریکوڈک منصوبے میں وفاقی اور بلوچستان حکومت کے پاس مشترکہ طور پر 50 فیصد شیئرز ہیں، جبکہ باقی شیئرز بین الاقوامی کمپنیوں کے پاس ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین