‘کنگ مر چکا ہے’، آسٹریلوی میڈیا کے بعد کرکٹر کا بیان وائرل

دی ویسٹ آسٹریلیا نامی اخبار نے کوہلی کو "مسخرہ" کہہ کر بھارتی سپورٹرز کو مشتعل کر دیا

میلبرن ٹیسٹ میچ کے دوران ویرات کوہلی کی کارکردگی پر آسٹریلوی کرکٹر سائمن کیٹچ کا تبصرہ "کنگ مر چکا ہے” بھارتی مداحوں کے غصے کا سبب بن گیا۔ کوہلی کی کارکردگی اور آسٹریلوی میڈیا کی سخت تنقید نے تنازع کو مزید ہوا دی

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر سائمن کیٹچ کے میلبرن ٹیسٹ میچ کے دوران ویرات کوہلی پر دیے گئے تبصرے نے بھارتی فینز کو ناراض کر دیا۔ سائمن نے ایس ای این کرکٹ کے ساتھ تبصرہ کرتے ہوئے کہا، "دی کنگ از ڈیڈ”۔ یہ جملہ کوہلی کی لنچ سے پہلے وکٹ گنوانے پر کہا گیا، جو بھارتی مداحوں کے لیے ناقابل قبول ثابت ہوا۔

سائمن کیٹچ نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ کوہلی کے لیے "کنگ” کا خطاب اب مناسب نہیں رہا اور یہ مقام بمرا نے سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی کی حالیہ فارم انتہائی مایوس کن ہے۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے میچ میں سنچری بنانے کے باوجود وہ 7 اننگز میں محض 27.83 کی اوسط سے 163 رنز ہی بنا سکے۔

سائمن کیٹچ نے مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم میلبرن میں شکست کے بعد بارڈر گواسکر ٹرافی ہارنے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے باہر ہونے کے دہانے پر کھڑی ہے۔

کوہلی کی جانب سے بھی تنازعات کا سلسلہ جاری رہا۔ سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن، جب آسٹریلیا کے ڈیبیو کرنے والے اوپنر سیم کونسٹاس کے ساتھ ان کا کندھا ٹکرایا، تو دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ عثمان خواجہ اور امپائرز نے صورتحال کو سنبھالا۔ اس واقعے کے بعد ویرات کوہلی کو صرف 20 فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

اس تنازع نے آسٹریلوی میڈیا میں بھی توجہ حاصل کی۔ دی ویسٹ آسٹریلیا نامی اخبار نے کوہلی کو "مسخرہ” کہہ کر بھارتی سپورٹرز کو مشتعل کر دیا۔ اسی اخبار نے اگلے دن 19 سالہ سیم کونسٹاس کی تصویر شائع کی اور فوٹو کیپشن میں لکھا، ویرات، آئی ایم یور فادر۔

میلبرن پہنچنے کے بعد کوہلی کا ایئرپورٹ پر ایک صحافی سے جھگڑے کا واقعہ بھی خبروں میں رہا۔ اس سب کے باوجود، کوہلی کی حالیہ فارم اور میدان میں ان کی حرکات نے تنازعات کو ختم ہونے نہیں دیا

متعلقہ خبریں

مقبول ترین