دعا ہے سال 2025ء امن، استحکام اور خوشحالی کی نوید بنے: خرم نواز گنڈاپور

ہزاروں مائیں دوران زچگی بروقت علاج کی نہ ملنے پر موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں

لاہور:پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے نئے سال کی آمد پر کہا ہے کہ دعا ہے سال 2025ء امن، استحکام اور خوشحالی کی نوید بنے۔ 25 کروڑ عوام کے اس ملک کو استحکام کی ضرورت ہے۔ عدم استحکام کی بڑی وجہ ہمارے منتقم رویے اور عدم برداشت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں بچے سکول نہیں جاتے، ہم اپنی آغوش میں ایک ان پڑھ نسل پروان چڑھا رہے ہیں، ہزاروں مائیں بروقت علاج کی سہولت نہ ملنے پر دوران زچگی موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔لوگ انصاف کے لئے نسل در نسل خوار ہوتے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ ناقص پانی کی وجہ سے ہر سال لاکھوں اموات ہوتی ہیں، ہر سال اعلیٰ تعلیم یافتہ ہزاروں نوجوان بے روزگاروں کی فہرست کا حصہ بن رہے ہیں مگر اس طرف کسی کی توجہ نہیں ہے، ہمارا دشمن سرحدوں کے باہر نہیں اندرہے۔ جس گھر میں بھائی بھائی کا گلا کاٹ رہا ہو، ناشکری ہو، سازشیں ہوں، تہمتیں ہوں وہاں امن خوشحالی اور سکون کیسے آئے گا؟۔ ہمارے نبی حضور نبی اکرم ؐ کی یہ تعلیمات ہیں کہ غلطیوں سے درگزرکریں، ہر وقت اصلاح اور احتساب سے کام لیں، توبہ ،احسان، عفوو درگزر اور صلہ رحمی مصطفوی تعلیمات کا جوہر ہیں مگر ہم اس تعلیمات کو بھلا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں مذاق بنا ہوا ہے، ہمارا سٹیٹس ایک بھکاری قوم والا ہے، آئی ایم ایف قرضہ دے تو ہم سانس لے لیتے ہیں وہ قرضہ نہ دے تو مرنے لگتے ہیں، اللہ نے اس خطے کو معدنی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے مگر ہم اپنے منتقم اور جاہلانہ رویوں کی وجہ سے ان قدرتی خزانوں کے ہوتے ہوئے بھوکے ننگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت ،جرأت اور غیرت کا مظاہرہ کرنا ہے تو قوم کو قرضوں سے نجات دلائی جائے، اپنے وسائل پر زندہ رہنے کی سوچ دی جائے، بیساکھیاں توڑی جائیں اور غیروں کے ٹکڑوں پر پلنے کی عادت بدلی جائے، قومی حمیت اور غیرت کے ساتھ جینے کے لئے قوم ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔ حکمران کلاس بھی ایسا سوچے اور پاکستان پر رحم کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کروڑوں لوگوں کی محفوظ چھت اور جائے پناہ ہے اسے مزید نقصان نہ پہنچایاجائے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین