مجلس وحدت المسلمین نے کراچی میں پولیس کی شیلنگ کی مذمت کی ہے اور دھرنوں کو سندھ بھر میں پھیلانے کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز پارٹی پر امن جمہوری احتجاج کو دبانے کے اقدامات کر رہی ہے، جس سے سیاسی کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی کراچی کی قیادت نے پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں دیے گئے دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہر میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کا دائرہ سندھ بھر میں پھیلانے کی بات کی ہے۔
نمائش چورنگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے، علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ پوری قوم سے دھرنے پھر سے منظم کرنے کی اپیل کی ہوئی ہے، اب پورے سندھ میں دھرنوں کی کال دی جا رہی ہے۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا ہے کہ جب تک پاراچنار کا دھرنا جاری رہے گا، ہم بھی بیٹھے رہیں گے اور ہماری نرم آواز کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ جو پیپلز پارٹی خود کو جمہوریت کی علمبردار کہتی ہے، اس کی حقیقت قوم کے سامنے آ چکی ہے۔ کراچی میں پر امن احتجاجی دھرنوں کے شرکا پر شیلنگ اور لاٹھی چارج ایک شرمناک اقدام ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عوام پر تشدد کرنے سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری پیپلز پارٹی پر ہو گی اور انہیں اس کے غیر قانونی اقدامات کی سیاسی قیمت چکانا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت 85 دن سے مشکلات کا سامنا کرنے والے پاراچنار کے عوام پر چپ سادھے ہوئے ہے، اور لگتا ہے کہ وہ اپنی سیاسی ناراضی کا اظہار کراچی کی پر امن عوام پر کر رہی ہے۔