پاکستان نے 2024 کو اپنی تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ خیرباد کہتے ہوئے نئے سال 2025 کا رنگا رنگ اور جوش و خروش سے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر پوری پاکستانی قوم نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال پاکستان کی ترقی، عوامی کی خوشحالی اور امن سکون کے حوالے سے بہترین سال ثابت ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں آتشبازی کے حسین مناظر نے آسمان کو جگمگا دیا۔ مختلف شہروں میں رنگ و نور کی روشنیوں نے جشن کا سماں باندھ دیا، جبکہ عوام نے میوزیکل شوز اور دیگر تقریبات کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا۔
کراچی میں گورنر ہاؤس کی جانب سے 40 منٹ تک طویل آتشبازی کے ذریعے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی گئی، جس نے ہزاروں افراد کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دعویٰ کیا کہ اس شاندار مظاہرے نے ایک نیا سنگ میل قائم کیا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی انتہائی سخت رہی، ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد کی گئی اور عوام کو قانون شکنی کی صورت میں سخت کارروائی کے نتائج سے خبردار کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے قوم اور عالمی برادری کو نیک تمنائیں دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی کی کامیابیوں اور ناکامیوں سے سبق لیتے ہوئے یکجہتی، نظم و ضبط، اور محنت سے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا اور غریب طبقے کی خوشحالی کے لیے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ نیا سال امن، استحکام، اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا۔