2024ء میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں کتنے صحافی ،میڈیا ورکرز اور خواتین قتل ہوئیں؟

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے اہم انکشافات، اقوام متحدہ سے صحافیوں کے تحفظ کے لیے فوری ایک عالمی معاہدہ کا مطالبہ

اسلام آباد :انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) نے انکشاف کیا ہے کہ 2024 میں دنیا بھر میں کل 122 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو قتل کیا گیا، جس میں 14 خواتین بھی شامل تھیں۔ 31 دسمبر کو جاری کی گئی سالانہ کلڈ لسٹ کے مطابق 2024 صحافیوں کے لیے ایک مہلک سال ثابت ہوا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایف جے نے اقوام متحدہ سے صحافیوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر ایک عالمی معاہدہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن پر آئی ایف جے نے 2024 میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی ابتدائی فہرست جاری کی تھی، جس میں 104 ہلاکتیں شامل تھیں۔ اس تعداد میں اضافہ مشرق وسطیٰ اور عرب دنیا میں مزید ہلاکتوں کی وجہ سے ہوا ہے، جن میں فلسطین میں 9 مزید صحافیوں اور شام میں 2 صحافیوں کی ہلاکت شامل ہے۔ غزہ اور لبنان میں جنگ نے فلسطینی، لبنانی، اور شامی میڈیا کارکنوں کی ہلاکتوں کو دوبارہ اجاگر کیا جو 2024 میں ہلاک ہونے والے تمام صحافیوں کا 58% بنتی ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کو جنگ کے آغاز کے بعد سے فلسطین میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد کم از کم 147 تک پہنچ چکی ہے، جس کی وجہ سے یہ ملک جدید صحافت کی تاریخ میں سب سے زیادہ خطرناک بن چکا ہے۔

عراق میں 3 میڈیا ورکرز کی ہلاکت، جن میں 23 اگست کو 2 خواتین شامل تھیں، اور شام میں 4 دسمبر کو ایک فوٹوگرافر کی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ ایشیا پیسیفک میں 2024 میں 7 صحافی پاکستان، 5 بنگلہ دیش، 3 بھارت، ایک کمبوڈیا، اور ایک فلپائن میں ہلاک ہوئے، میانمار میں فوجی حکومت صحافیوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے جہاں 3 صحافیوں کی ہلاکت ہوئی ہے، جبکہ انڈونیشیا اور قازقستان میں بھی ایک ایک صحافی کی ہلاکت ہوئی ہے۔

لاہور پریس کلب سالانہ انتخابات ،ارشد انصاری نے میدان مار لیااسے بھی پڑھین

افریقہ میں 2024 میں 10 صحافیوں کی ہلاکت ہوئی، جن میں سے 6 ہلاکتیں سوڈان میں ہوئیں، علاوہ ازیں صومالیہ، چاڈ، اور کانگو کے صحافی بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ امریکہ میں 2024 میں 9 صحافی ہلاک ہوئے، جن میں 5 میکسیکن، 2 کولمبیا کے، اور 2 ہیٹی کے صحافی شامل ہیں۔ اس خطے میں صحافیوں کو خاص طور پر منشیات کی اسمگلنگ پر رپورٹنگ کرنے کی وجہ سے دھمکیاں، اغوا، اور قتل کا سامنا ہے۔ یوکرائن کی جنگ نے 2024 میں بھی صحافیوں کی ہلاکتوں کا سبب بنی، جہاں 4 صحافی ہلاک ہوئے۔ 2022 میں یہ تعداد 13 تھی اور 2023 میں 4، اس کے باوجود یورپ صحافیوں کے لیے دنیا کا سب سے محفوظ براعظم ہے۔

31 دسمبر 2024 تک آئی ایف جے نے 516 صحافیوں کی قید کی تصدیق کی ہے، جو 2023 (427) اور 2022 (375) کے مقابلے میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔ چین (135 صحافیوں) دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بن چکا ہے، جس کے بعد اسرائیل (59 فلسطینی صحافی) اور میانمار (44 صحافی) کا نمبر ہے۔ آئی ایف جے کے جنرل سیکریٹری انتھونی بیلانگر نے کہا کہ ہم 122 میڈیا پیشہ ور افراد کے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں جو اس سال ہلاک ہوئے، ان ہلاکتوں کے پیچھے 122 کٹے ہوئے قصے ہیں، صحافیوں کی ہلاکتوں کا حساب نہ چکایا جائے اور اس عذاب کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے ہم اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافیوں کی حفاظت کے لیے ایک معاہدہ اپنایا جائے تاکہ ہر سال ہونے والی صحافیوں کی ہلاکتوں اور چوٹوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین