دسمبر میں مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ ہوا ہے، شہر اور دیہی علاقوں میں مختلف اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ کچھ چیزیں سستی بھی ہوئیں۔ ادارہ شماریات کے دسمبر کے اعدادوشمار نے مختلف قیمتوں میں تبدیلی کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
دسمبر کے مہینے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مہنگائی کی مجموعی شرح 7.22 فیصد رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا دسمبر کے درمیان شہروں میں مہنگائی 4.4 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ایک سال کے دوران دال چنا 54.25 فیصد، بیسن 52.15 فیصد، ٹماٹر 44.71 فیصد، آلو 37.03 فیصد، دال مونگ 34.50 فیصد، مچھلی 25.47 فیصد، اور گوشت 21.38 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔
صارفین کی قیمتوں کے حساس اشاریہ دسمبر میں 4.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو نومبر میں 7.3 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 35.3 فیصد تھا۔ ہول سیل پرائس انڈیکس دسمبر میں 1.9 فیصد ہے، جو نومبر میں 2.3 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 27.3 فیصد تھا۔
شہری علاقوں میں نان فوڈ، نان انرجی بنیادی افراط زر دسمبر میں 8.1 فیصد تھا، جبکہ دیہی علاقوں میں یہ 10.7 فیصد تھا۔ نومبر میں یہ شرح شہری علاقوں میں 8.9 فیصد اور دیہی علاقوں میں 7.5 فیصد تھی۔
ماہانہ بنیاد پر دسمبر میں چکن کی قیمت 13.06 فیصد، دال چنا 6.94 فیصد، اور پیاز 4.91 فیصد سستی ہوئیں۔ جبکہ آلو کی قیمت 12.42 فیصد، تازہ پھل 8.84 فیصد، اور بناسپتی گھی 5.42 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔