برطانوی محققین نے ایک نئی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو اسمارٹ واچز کی مدد سے لوگوں کو سگریٹ نوشی ترک کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ یہ سافٹ ویئر سگریٹ نوشی کی حرکت کو پہچان کر صارف کو الرٹ بھیجتا ہے اور ترک کرنے کے فوائد کی یاد دہانی کراتا ہے
برطانیہ کی یونیورسٹی آف برسٹل کے محققین کا ماننا ہے کہ اسمارٹ واچز میں استعمال ہونے والی نئی ٹیکنالوجی لوگوں کو سگریٹ نوشی ترک کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ محققین نے ایک سافٹ ویئر تیار کیا ہے جو اینڈرائیڈ اسمارٹ واچ کے موشن سینسر کا استعمال کر کے سگریٹ نوشی کے دوران ہاتھ کی حرکات کا پتہ لگاتا ہے۔
ایپ کی طرف سے سگریٹ نوشی کی نشان دہی ہونے کے بعد، یہ ایک وائبریشن الرٹ جاری کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، اسکرین پر سگریٹ نوشی چھوڑنے کے لیے مختلف پیغامات دکھائے جاتے ہیں۔ ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی چھوڑنے سے سانس لینا آسان ہو جاتا ہے۔ دیگر پیغامات میں یہ بتایا جاتا ہے کہ کتنی سگریٹیں پی گئی ہیں اور کل کتنے کش لگائے گئے ہیں۔
صارفین پیغامات کو دیکھ کر انہیں سوائپ کر سکتے ہیں یا مزید معلومات کے لیے بٹن دبا سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف برسٹل کے کرس اسٹون نے کہا کہ لوگ جب سگریٹ چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں ابتدائی مراحل میں مسائل پیش آتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ عادت دوبارہ لگ جاتی ہے۔
تحقیق میں شامل شرکاء نے اس ٹیکنالوجی کی اسمارٹ واچز استعمال کیں اور بعد میں اس کے افادیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 66 فیصد افراد نے اسمارٹ واچ کے ساتھ ٹیکنالوجی کو قابل قبول پایا، جبکہ 61 فیصد نے میسج کے متن کو ذاتی قرار دیا۔
مثبت آراء دینے والے افراد نے کہا کہ ایپ نے سگریٹ نوشی کے بارے میں آگاہی دی اور عادت ترک کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی، جبکہ منفی آراء دینے والوں نے کہا کہ بار بار پیغامات نے اپنا اثر کھو دیا تھا