یشما گل نے ایک پروگرام میں انکشاف کیا کہ ان کے رشتے کے لیے آنے والے اکثر لوگ پہلے اداکاری چھوڑنے کی شرط رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اداکاری چھوڑنا ان کے لیے مشکل ہے، لیکن محبت میں اگر وعدہ پورا ہو تو وہ قربانی دینے پر تیار ہیں۔
پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ یشما گل نے بتایا کہ جب بھی ان کے لیے رشتہ آتا ہے، تو سب سے پہلے انہیں اداکاری چھوڑنے کی شرط پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
یشما گل نے یہ بات حال ہی میں دنانیر مبین کے پروگرام میں کہی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور شوبز سے متعلق مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔
ایک سوال کے جواب میں یشما نے انکشاف کیا کہ ان کے خاندان کی جانب سے کئی رشتے آئے ہیں، لیکن سب ہی رشتوں میں انہیں اداکاری چھوڑنے کی شرط پیش کی جاتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اداکاری چھوڑنا ان کے لیے بہت مشکل ہے، کیونکہ اسی کے ذریعے انہیں شناخت اور شہرت ملی ہے، اور وہ اس سلسلے میں بے حد پرجوش ہیں۔
دنانیر مبین نے یشما سے پوچھا کہ اگر وہ کسی کی محبت میں پڑ جاتی ہیں تو کیا اس کی خواہش پر اداکاری چھوڑ دیں گی؟ اس پر یشما نے جواب دیا کہ اگر وہ شخص انہیں وہ سب کچھ دے جو اس نے وعدہ کیا ہے اور اس کی محبت سچی ہو، تو وہ اداکاری کو چھوڑنے کے لیے قربانی دینے کو تیار ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ ان دنوں یشما گل کی بہن کی شادی کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو رہی ہیں