شراب نوشی سے ہونے والی اموات نے ایک نئی بلند سطح کو چھو لیا ہے:الکوحل ہیلتھ الائنس یوکے
انگلینڈ میں شراب نوشی کے باعث اموات میں چار سالوں کے دوران غیر معمولی تباہ کن اضافہ دیکھنے کو آیا ہے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، 2023 میں 8,200 سے زیادہ افراد شراب کی وجہ سے اپنی جانوں سے گئے، جو 2019 کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق الکوحل ہیلتھ الائنس یوکے نے کہا ہے کہ یہ صورتحال ناقابلِ قبول ہے، کیونکہ شراب نوشی سے ہونے والی اموات نے ایک نئی بلند سطح کو چھو لیا ہے، اور اس بات کا امکان ہے کہ یہ انگلینڈ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے 10 سالہ منصوبے میں صحت عامہ کی ترجیح بن سکتی ہے۔
کورونا وبا کے دوران، برطانیہ بھر میں شراب سے جڑی اموات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ زیادہ شراب پینے والے افراد نے اپنی عادت میں مزید اضافہ کیا، جبکہ معتدل پینے والوں نے بھی زیادتی کا رجحان اختیار کر لیا تھا۔
مزید برآں، جب شراب خانے کورونا کی وبا کے دوران بند ہوئے، تو لوگوں نے دکانوں سے شراب خرید کر اپنے گھروں میں پینا شروع کر دیا تھا، جس کے بعد سے انگلینڈ میں شراب نوشی کی وجہ سے اموات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ زیادہ تر اموات مردوں میں ہوئیں، جنہوں نے 75 سال کی عمر میں شراب نوشی کے سبب جگر کی بیماری میں مبتلا ہو کر اپنی جان گنوائی۔