پاکستان کے اوپنر صائم ایوب جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجری کا شکار ہو گئے، جس کے بعد انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی چیمپئینز ٹرافی میں شرکت مشکل میں پڑ سکتی ہے۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے قبل، جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن، پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو بڑا نقصان ہوا جب اوپنر صائم ایوب انجری کا شکار ہو گئے۔
کیپ ٹاؤن میں جاری میچ کے دوران، شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند پکڑنے کی کوشش کرتے ہوئے، باؤنڈری لائن کے قریب صائم کا دایاں ٹخنہ مڑ گیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
صائم کو میدان میں ہی فوری طبی امداد فراہم کی گئی، لیکن ان کے لئے چلنا مشکل ہو رہا تھا۔ ان کی انجری کی نوعیت کو سمجھنے کے لئے اسکین کرایا جائے گا، جس سے مزید معلومات حاصل ہوں گی۔
دوسری جانب، اِن فارم اوپنر صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی کے لئے قومی اسکواڈ میں جگہ تقریباً یقینی تھی، لیکن یہ انجری ان کے لئے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ ابتدائی اعلامیے کے مطابق، اوپنر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس موصول ہونے کے بعد مزید اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔