بھارت میں دو شیر خوار بچوں میں کورونا جیسی علامات والے وائرس کی تصدیق

مرکزی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ وائرس بھارت سمیت دنیا بھر میں پہلے سے گردش کر رہا ہے

بنگلورو:بھارت کے شہر بنگلورو کے ایک اسپتال میں دو شیر خوار بچوں میں کورونا جیسی علامات والے وائرس، ہیومن میٹا پینو وائرس (ایچ ایم پی وی) کی تشخیص ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، متاثرہ بچوں میں ایک 8 ماہ کا لڑکا اور ایک 3 ماہ کی لڑکی شامل ہیں۔ ان دونوں بچوں نے بین الاقوامی سفر نہیں کیا تھا، لیکن ان میں یہ وائرس پایا گیا۔

مرکزی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ وائرس بھارت سمیت دنیا بھر میں پہلے سے گردش کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، 3 ماہ کی بچی جس میں ایچ ایم پی وی کی تشخیص ہوئی، پہلے برونکوپنیومونیا کی مریض تھی۔ اسی طرح 8 ماہ کے لڑکے کا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آیا، اور وہ بھی برونکوپنیومونیا کا شکار رہا تھا۔

وزارت صحت کے مطابق، ملک بھر میں سانس سے متعلق متعدی بیماریوں کی نگرانی کے لیے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی کوششوں کے دوران بنگلورو میں یہ کیسز معمول کی جانچ کے دوران سامنے آئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایچ ایم پی وی سمیت سانس کی بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس وائرس سے متاثرہ افراد میں نزلہ اور کورونا جیسی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔

چین میں بھی گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز سامنے آئیں، جن میں اسپتالوں کو مریضوں سے بھرا ہوا دکھایا گیا۔ صارفین نے انفلوئنزا اے، ایچ ایم پی وی، مائیکوپلازما نمونیا اور کووڈ 19 جیسے کئی وائرسز کی موجودگی کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، ان بیماریوں کی وجہ سے کچھ افراد کی جان بھی جا چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین