تبت میں 7.1 شدت کا زلزلہ، 32 افراد جانبحق، 38 زخمی، متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں

چینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے بھارت، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کیے گئے ہیں

چین کے دور دراز ضلع تبت میں منگل کی صبح 7.1 شدت کے زلزلے کی ایک زوردار لہر نے کم از کم 32 افراد کی جانیں لے لیں اور 38 افراد شدید زخمی ہوئے، جبکہ بہت سی عمارتیں بھی گر گئیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق، نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور بھارت کے کچھ علاقوں میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کی جاری کردہ ویڈیوز میں واضح ہے کہ زلزلے کے بعد تباہ شدہ مکانات کی دیواریں منہدم ہو چکی ہیں اور ملبے کا ڈھیر بکھرا ہوا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) نے 6.8 شدت کی خبر دی ہے۔ اس زلزلے کے جھٹکوں کا احساس نیپال کی سرحد کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر ہوا۔

چینی خبر رساں ادارے ’شنہوا‘ نے بتایا ہے کہ زلزلے کے اثرات جانچنے کے لیے مقامی حکام مختلف کاؤنٹیوں میں رابطے کر رہے ہیں۔چین کے موسمیاتی ادارے کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈنگری میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ (17.6 ڈگری فارن ہائیٹ) کے قریب ہے اور شام تک یہ منفی 18 تک گر سکتا ہے۔

تبت کے علاقے میں سب سے بڑی کاؤنٹی میں تقریباً 62 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں جو ماؤنٹ ایورسٹ کے چینی حصے کے قریب ہے۔سی ای این سی کے مطابق، اگرچہ اس خطے میں زلزلے پیش آتے ہیں، لیکن منگل کو آنے والا یہ زلزلہ پچھلے پانچ سالوں میں 200 کلومیٹر کے دائرے میں ریکارڈ کیا جانے والا سب سے طاقتور زلزلہ ہے۔

کٹھمنڈو کے علاوہ، نیپال میں ایورسٹ کے قریب بلند پہاڑوں میں لوبوچے کے ارد گرد بھی زلزلے اور ضمنی جھٹکے محسوس کیے گئے۔نیپال کے سولوخمبو ضلع کے چیف ڈسٹرکٹ افسر انوج راج گھمیرے نے بتایا کہ انہوں نے زلزلے کی شدت بہت زیادہ محسوس کی، سب کچھ ہل کر رہ گیا، لیکن انہیں ابھی تک کسی نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

چینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے بھارت، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔نیپال کے سولوخمبو ضلع کے حکام نے بھی اپنی سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر نقصان کی معلومات جمع کرنے کی کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔

’سی سی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق، زلزلے کے مرکز کے قریب 5 کلومیٹر کے اندر چند آبادیاں موجود ہیں، جو کہ تبت کے دارالحکومت سے 380 کلومیٹر دور واقع ہیں۔نومبر 2023 میں شمال مغربی نیپال میں 5.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 138 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

اسی طرح، 2015 میں نیپال میں 7.8 شدت کے زلزلے نے کٹھمنڈو کو شدید نقصان پہنچایا تھا، جس میں 9 ہزار افراد ہلاک ہوئے اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

2008 میں جنوبی چین کے سچوان صوبے میں آنے والے زلزلے نے بھی کم از کم 70 ہزار جانیں لے لی تھیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین