آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے سلسلے میں سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی منظوری کے بعد قومی اسکواڈز کا اعلان ہفتے کی شام تک متوقع ہے۔
چیمپئینز ٹرافی کے لیے منتخب ہونے والا ممکنہ اسکواڈ 8 فروری سے شروع ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لیے ابتدائی سکواڈ کے نام 11 فروری کو رات 12 بجے سے پہلے جمع کرانا ضروری ہے، اور آئی سی سی کو 15 سے زیادہ نام جمع کرانے پر پابندی نہیں ہے۔ 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ ساتھ ریزورز کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق، 12 فروری سے پہلے کسی بھی وقت کسی بھی کھلاڑی کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، بعد میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی میڈیکل وجوہات پر منظوری ضروری ہوگی۔
علاوہ ازیں، 17 اور 25 جنوری کو ملتان میں ہونے والے ٹیسٹ میچز کے دوران سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے اور پاکستان شاہینز کے بہترین کھلاڑیوں کو موقع فراہم کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی تیاری کے سلسلے میں اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا امکان بھی موجود ہے۔ویسٹ انڈیز اور پاکستان شاہینز کے درمیان سہ روزہ میچ 10 سے 12 جنوری تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا، جہاں سلیکٹرز کی توجہ نوجوان کھلاڑیوں پر ہوگی۔
پاکستان ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل سے باہر ہو چکی ہے، اور ان دونوں ٹیسٹ میچز کو صرف رسمی کارروائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ سلیکٹرز کا موقف ہے کہ ان میچز میں ان کھلاڑیوں کو موقع دینا مناسب ہوگا جو آئندہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-26 میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے موزوں ہو سکتے ہیں۔
قائد اعظم ٹرافی کے ٹاپ اسکورر اذان اویس، جو سیالکوٹ سے ہیں، 4 سنچریوں کی مدد سے 844 رنز بنا چکے ہیں اور وہ ابتدائی فہرست میں شامل ہیں۔امام الحق نے پانچ میچز میں 3 بار ٹرپل فیگر میں جانے کے ساتھ 635 رنز بنا کر اپنی فٹنس اور فارم ثابت کی ہے۔ اگر وہ سہ روزہ میچ میں اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ان کے لیے ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونا ممکن ہوگا۔
پشاور ریجن کے نیاز خان نے ٹرافی میں 8 میچز میں 39 شکار کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی ہے، جبکہ موسیٰ خان نے بھی اتنے ہی میچز میں 48 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔





















