تازہ ترین نیوٹریشن سیکٹر کے بلیٹن کے مطابق، پاکستان کو 2024 میں غذائیت اور غذائی تحفظ کے معاملے میں کئی اہم چیلنجز کا سامنا رہا، اور اگرچہ کچھ پیش رفت ہوئی ہے، ملک غذائی قلت اور عدم تحفظ کی بلند شرحوں سے متاثر ہے۔
تفصیلات کے مطابق، خوراک کی بلند قیمتیں، موسمی حالات، اور معاشی مواقع کی کمی خوراک کی شدید عدم تحفظ کی وجوہات بن رہی ہیں۔
تقریباً 22 فیصد آبادی کو خوراک کی شدید عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ وزارت قومی صحت، رجسٹریشن، اور کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ فصل کی کٹائی کے بعد کے موسم میں اس صورت حال میں کچھ بہتری کی توقع ہے۔
ملک کو 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے غذائی تحفظ اور غذائیت سے متعلق اہداف کو پورا کرنے میں اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔
صرف 38 فیصد بچوں کو زندگی کے ابتدائی چھ ماہ تک ماں کا دودھ ہی دیا جاتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کے 40 فیصد سے زیادہ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ 17.7 فیصد بچوں کا ماں کا دودھ ضائع ہو جاتا ہے، 28.9 فیصد کا وزن کم ہے، جبکہ نصف سے زیادہ بچوں میں خون کی کمی پائی جاتی ہے۔ ضروری غذائی اجزاء اور وٹامنز جیسے آئرن (28.6 فیصد)، زنک (18.6 فیصد)، وٹامن اے (51.5 فیصد)، اور وٹامن ڈی (62.7 فیصد) کی بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔
نیشنل نیوٹریشن سروے 2018 نے کم غذائیت کی بلند شرح کے ساتھ ساتھ زیادہ وزن اور موٹاپے کے ابھرتے ہوئے رجحان کا بھی انکشاف کیا تھا۔ پاکستان میں ماں کا دودھ ضائع ہونے کی شرح کافی زیادہ ہے، اور ملک کے کئی علاقوں کو اس معاملے میں ہنگامی سطح پر سمجھا جاتا ہے۔