لاہور:منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلزحاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو اعزاز میں تقریب تحسین کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تقریب میں پاکستان کے قومی ٹینس سٹار اعصام الحق،والی بال ٹیم کے سابق کیپٹن چودھری نصیر، ٹینس سٹاراُشنا سہیل ، بین الاقوامی ویٹ لفٹر نیلم ریاض ،راحیلہ یونس ،سعدیہ عبد الخالق نے شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خصوصی شرکت کی اور قومی ہیروز کے ہمراہ ملائشین اوپن چیمپئن شپ 2024 میں براؤن تمغہ حاصل کرنے والے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طالب علم نعمان یوسف کو کالج آف شریعہ کی طرف سے یادگاری شیلڈ اور 50 ہزار روپے انعام دیا گیا، کوریا میں منعقد ہونے والے تیکووانڈو فیسٹیول 2024 میں براؤن تمغہ حاصل کرنے والے طالب علم ایم اکمل محمود کو یادگاری شیلڈ اور 50ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔
قومی ٹینس سٹار اعصام الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ شیخ الاسلام کے قائم کردہ تعلیمی ادارے دین اور دنیا کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو فروغ بھی دے رہے ہیں یہ باقی سب کےلئے قابل تقلید مثال ہے۔حوصلہ افزائی سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے قومی کھلاڑیوں اور کالج آف شریعہ کے طلبہ کو بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کالج آف شریعہ کی ایڈمنسٹریشن کے جذبہ کو بھی سراہا۔تقریب سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، منہاج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، پرنسپل ڈاکٹر ممتا زالحسن باروی، قومی والی بال ٹیم کے سابق کپتان چوہدری نصیر،ٹینس سٹار اُشنا سہیل،نیلم ریاض ،راحیلہ یونس ،سعدیہ عبد الخالق، ڈائریکٹر سپورٹس منہاج یونیورسٹی اقبال مرتضیٰ، پاکستان نیشنل تاکوانڈو ٹیم کے ہیڈ کوچ سردار محمد قیوم چنگیزی،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس شریعہ کالج ڈاکٹر محمد منیر حسین نے خطاب کیا۔نیلم ریاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کھلاڑیوں کی ملنے والی عزت پر بہت خوش ہوں اگر ہر جگہ اسی طرح کھلاڑیوں کو پذئرائی ملے تو دنیا بھر کے کھیل کے میدان پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔راحیلہ یونس نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کو سپورٹس کے حوالے سے ہماری جس تکنیکی مدد کی ضرورت ہو ہم دستیاب ہیں۔
کالج آف شریعہ کے زیر اہتمام قومی کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب تحسین
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، قومی ٹینس سٹار اعصام الحق،ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے شیلڈز دیں