لاہور :خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے پاکستان میں معاشی ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ’’اڑان پاکستان‘‘ ایک 5 سالہ اقتصادی منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تمام صوبوں، وزارتوں اور شعبوں نے اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر مکمل عزم اور اشتراک کے ساتھ کام کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
پاکستان کی نوجوان آبادی کو تعلیم اور ڈیجیٹل ترقی کے ذریعے اقتصادی طاقت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ’’اڑان پاکستان‘‘ میں سی پیک منصوبے کو پاکستان کی ترقی کا بنیادی ستون قرار دیا گیا ہے۔
اسے بھی پڑھیںپاکستان کی معیشت 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا عزم
منصوبے کے فریم ورک "فائیو ایز” کے تحت مختلف شعبوں جیسے برآمدات، ای پاکستان، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، انفراسٹرکچر، اور مساوات کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، فری لانسنگ اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ترقی کے ذریعے پاکستان کو عالمی ٹیکنو اکنامک مرکز بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔
اس منصوبے میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 50 فیصد کمی، قابل کاشت اراضی کے رقبے میں اضافہ، اور پانی کے ذخیرے کی صلاحیت میں بہتری لانے جیسے اہم اقدامات بھی شامل ہیں۔ منصوبے کی کامیابی کے لیے نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن یونٹ قائم کیا گیا ہے، جو عملدرآمد کی نگرانی اور موثر احتساب کو یقینی بنائے گا۔