گروچرن سنگھ بات کرنے کے قابل نہیں ہیں اور شدید کمزوری کی وجہ سے بہت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں،دوست بھکتی
ممبئی:بھارتی ٹی وی کے مشہور ڈرامے ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار ادا کرنے والے اداکار گروچرن سنگھ کی صحت خراب ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
گروچرن سنگھ نے کچھ دن پہلے اپنی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں انہوں نے اپنی خراب حالت سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔ اب یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ شدید کمزوری کا شکار ہیں۔
حال ہی میں اداکار کو ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کی قریبی دوست بھکتی سونی نے ان کی صحت اور مالی مشکلات پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گروچرن کئی دنوں سے رابطے سے باہر ہیں۔ بھکتی نے بتایا کہ ان کا فون بند ہے اور ان کی موجودہ حالت کے بارے میں تازہ معلومات دستیاب نہیں۔
بھکتی نے مزید کہا کہ تین دن پہلے گروچرن کے اسپتال میں داخل ہونے کے دوران ان کی والدہ سے بات ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ گروچرن سنگھ بات کرنے کے قابل نہیں ہیں اور شدید کمزوری کی وجہ سے بہت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھکتی نے انکشاف کیا کہ گروچرن نے تین ماہ قبل ٹھوس غذا کھانا چھوڑ دیا تھا اور وہ صرف مائع غذا پر گزارا کر رہے تھے۔
یہ بھی واضح رہے کہ گروچرن سنگھ 2012 تک ڈرامہ ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار نبھا رہے تھے، لیکن اچانک بغیر کسی پیشگی اطلاع کے انہیں شو سے ہٹا دیا گیا تھا۔
گزشتہ برس، گروچرن سنگھ نے کچھ عرصے کے لیے اپنی گمشدگی اختیار کی تھی۔ بعد میں انہوں نے اس کی وجہ اپنی مالی مشکلات کو قرار دیا تھا۔