ٹرمپ کی جانب سے منتخب کردہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو نیشنل ہیلتھ کیئر کو خطرہ قرار دے دیا ہے۔
17,000 سے زیادہ ڈاکٹروں نے امریکی سینیٹرز کو ایک خط میں کہا ہے کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر قومی صحت کی دیکھ بھال کے لیے خطرہ ہیں اور ان کے پاس محکمہ صحت اور انسانی خدمات کی قیادت کرنے کی اہلیت کا فقدان ہے۔
یہ خط کمیٹی ٹو پروٹیکٹ ہیلتھ کیئر کے ممبرن نے لکھا ہے جو امریکا میں تقریباً 20,000 ڈاکٹروں اور دیگر طبی پیشہ ور افراد کی نمائندگی کرتی ہے۔
کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر روب ڈیوڈسن نے خط میں کہا کہ ہم منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو قومی صحت اور انسانی خدمات (ایچ ایچ ایس) کا سیکرٹری مقرر کرنے کے فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 336 ملین امریکیوں کی صحت اور بہبود کا انحصار ایچ ایچ ایس کی قیادت پر ہے جو سائنس، شواہد پر مبنی ادویات کو ترجیح دیتی ہے اور ہمارے صحت عامہ کے نظام کی سالمیت کو مضبوط کرتی ہے۔
رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی جانب سے ماضی میں کورونا وائرس ویکسینیشن اور دیگر ویکسینز پر تنقید کی گئی ہے۔ ان پر ویکسینز، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر طریقوں کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگا ہے۔
کینیڈی نے واضح کیا کہ وہ عوامی استعمال میں پانی میں فلورائڈ کو شامل کرنے کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور اشیائے خوردونوش میں اضافی اور کیمیائی حفاظتی اجزا کو ہٹانا چاہتے ہیں۔