پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری

آپ بغیر سوچے سمجھے بات کرتے ہیں، جس کا خمیازہ پارٹی کو بھگتنا پڑتا ہے۔نوٹس

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رہنما شیر افضل مروت کو ایک بار پھر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ یہ اقدام بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نوٹس میں شیر افضل مروت کو ان کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر تنبیہ کی گئی ہے، جن کی وجہ سے پارٹی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نوٹس میں کہا گیا، "آپ بغیر سوچے سمجھے بات کرتے ہیں، جس کا خمیازہ پارٹی کو بھگتنا پڑتا ہے۔”

شوکاز نوٹس میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کو آپ کے بیانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی ہدایت پر یہ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں شیر افضل مروت کو سات دن کے اندر تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اگر مقررہ مدت میں جواب جمع نہ کروایا گیا تو پارٹی قواعد کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب شیر افضل مروت نے اپنے دوستوں کے مشورے پر ایک یا دو ہفتے کے لیے الیکٹرانک میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں میڈیا کے دوستوں سے گزارش کی کہ وہ کسی پروگرام میں شرکت کے لیے اصرار نہ کریں۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ مئی 2024 میں بھی انہیں شبلی فراز اور عمر ایوب کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین