شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کے اختتام کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، تاہم سردی کی شدت کے پیش نظر سکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے نئے اوقات کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق پنجاب بھر کے تمام نجی و سرکاری سکولوں کی نئی ٹائمنگ جاری کر دی گئی ہے۔ بچے اپنی تعطیلات ختم کر کے اسکول واپس پہنچے اور خوش نظر آ رہے تھے، اور ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سردیوں کی تعطیلات کا بھرپور لطف اٹھایا۔ اساتذہ نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ بچوں کو سردی سے بچانے کے لیے انہیں گرم کپڑے پہنائیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سردی کی حالیہ لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے، اور اب سے اسکول صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، جبکہ جمعہ کے دن اسکول صبح 9 سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے۔ مزید یہ کہ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں یونیفارم کے حوالے سے نرمی کی اجازت دی گئی ہے، جو 15 فروری تک برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ سردی کی شدت کم نہ ہونے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سکولوں کی تعطیلات میں اضافے کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم محکمہ تعلیم پنجاب نے ایسی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کی تعطیلات میں مزید توسیع نہیں کی گئی۔