ایک حالیہ تحقیق کے مطابق، روزانہ ایلڈر بیری جوس کا استعمال میٹابولزم کو بہتر بنا سکتا ہے اور پیٹ کے بیکٹیریا میں مثبت تبدیلیاں لانے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے وزن کو مؤثر طریقے سے قابو کیا جا سکتا ہے۔
جرنل "نیوٹریئنٹ” میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر روزانہ تقریباً 28 گرام ایلڈر بیری جوس استعمال کیا جائے تو صرف ایک ہفتے کے اندر پیٹ کے مائیکروبز میں مثبت تبدیلیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ جوس جسم کی گلوکوز برداشت کرنے کی صلاحیت اور فیٹ آکسیڈیشن کو بہتر بنانے میں بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے۔
ایلڈر بیری ایک خاص جامنی بیری ہے جو یورپ کے مقامی درخت ایلڈر پر اگتی ہے۔ یہ درخت صدیوں سے طبی مقاصد اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے اس تحقیق میں حصہ لیا اور ان کا کہنا ہے کہ اس بیری کے بہت سے فوائد کو اب تک وہ پذیرائی نہیں ملی جو ملنی چاہیے تھی۔
تحقیق کے شریک مصنف پیٹرک سولورسن کے مطابق، "ایلڈر بیری کو تجارتی اور غذائی حوالوں سے کم اہمیت دی جاتی رہی ہے۔ لیکن اب ہم انسانی صحت کے لیے اس کے فوائد کو سمجھنے کے قریب پہنچ رہے ہیں، اور تحقیق کے نتائج کافی امید افزا ہیں۔”
یہ جوس صحت کے دیگر فوائد کے لیے بھی امکانات کا نیا دروازہ کھول رہا ہے۔