بالی ووڈ کی معروف اور سینئر اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے اپنے شوہر ڈاکٹر شری رام کے ساتھ ایک اور قیمتی گاڑی خرید لی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں مادھوری اور ان کے شوہر کو ایک شاندار لال رنگ کی فراری میں سوار گھر کی طرف جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ خاص گاڑی صرف 14 مختلف رنگوں میں دستیاب ہے، اور اس کی قیمت 6 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
اس خوبصورت اور مہنگی گاڑی کی قیمت نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ انٹرنیٹ صارفین کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے، جو اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
57 سالہ مادھوری ڈکشٹ، جو بالی ووڈ میں اپنی خوبصورتی اور اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں، اس سے قبل بھی کئی لگژری گاڑیوں کی مالک ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مادھوری نہ صرف اپنی اداکاری اور شاہانہ طرز زندگی کے لیے مشہور ہیں بلکہ انہوں نے ایک آفس کرائے پر دے رکھا ہے، جس سے انہیں ہر ماہ 3 لاکھ روپے کرایہ حاصل ہوتا ہے۔
مداحوں کے لیے مادھوری کی یہ نئی فراری ان کی خوشحال زندگی کا ایک اور ثبوت ہے، جس نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی ہے