بھارتی بحریہ کا جدید ہرمس 900 ڈرون تجرباتی پرواز کے دوران تباہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق، یہ ڈرون گجرات کے پوربندر میں اپنی تجرباتی پرواز پر تھا۔ ہرمس 900 ڈرون بھارتی فوج اور بحریہ کی خفیہ نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے خریدا گیا تھا۔ اس ڈرون کو اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس اور اسرائیلی ڈیفنس کمپنی ایلبٹ سسٹمز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی قیمت تقریباً 145 کروڑ بھارتی روپے کے قریب بتائی گئی ہے۔
بھارتی حکومت کا غیر معیاری منصوبوں پر اربوں ڈالر خرچ کرنا اب ایک مذاق بن چکا ہے۔ رواں سال کے دوران بھارتی کوسٹ گارڈ کے "دھرو ہیلی کاپٹروں” کو متعدد حادثات کے بعد گراؤنڈ کر دیا گیا۔ اسی طرح ستمبر 2024 میں بھارتی بحریہ کی آبدوز آئی این ایس اریگھاٹ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی، جسے بحری بیڑے سے دستبردار کر دیا گیا۔ جولائی 2024 میں بھارتی بحریہ کے جنگی جہاز آئی این ایس برہم پترا میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
اس سے پہلے 2019 میں بھارتی بحریہ کا جنگی ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، اور مارچ 2018 میں بھی بھارتی بحریہ کا ریموٹ کنٹرول ڈرون پوربندر کے علاقے الہاس نگر میں پرواز کے فوراً بعد تباہ ہو گیا تھا۔ بھارتی بحریہ میں تقریباً 14 آبدوزیں ہیں، لیکن تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے صرف 7 آپریشنل ہیں۔ بھارت اپنے جنگی جنون کے تحت جدید ہتھیاروں کی خریداری کر رہا ہے، لیکن ان ہتھیاروں کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے اور سنبھالنے کی صلاحیت سے محروم ہے۔ بھارتی افواج میں روزانہ کے حادثات ان کی نااہلی کا واضح اشارہ ہیں۔





















