لاہور: لاہور چڑیا گھر میں قائم جدید ترین ہولوورس کا انتظام نجی کمپنی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جہاں جلد ہی شہری جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جنگلی جانوروں کو نہ صرف انتہائی قریب سے دیکھ سکیں گے بلکہ انہیں چھونے کا بھی منفرد تجربہ حاصل کر سکیں گے۔ تھری ڈی سینما میں جنگلی حیات پر مبنی فلموں کی نمائش بھی ہوگی۔
لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر، شیخ محمد زاہد نے بتایا کہ ہولوورس میں تین اہم سہولتیں متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں ورچوئل رئیلٹی، مکسڈ رئیلٹی، اور ہولوگرام تھری ڈی سینما شامل ہیں۔ ورچوئل رئیلٹی کے ذریعے شہریوں کو ایسا لگے گا جیسے وہ خود جنگل میں موجود ہیں، جہاں خطرناک جنگلی جانور ان پر حملہ کرنے کے قریب ہوں گے، اور یہ تجربہ انتہائی حقیقت کے قریب ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ مکسڈ رئیلٹی کے ذریعے شہریوں کو ڈائنوسارز، ہاتھی، اور شیروں سمیت مختلف جانوروں کو نہایت قریب سے دیکھنے اور انہیں چھونے کا موقع ملے گا۔ لوگ ان لمحات کی تصاویر بھی بنا سکیں گے۔
ورچوئل رئیلٹی کے تجربے میں، جب ایک افریقی شیر نے حملہ کیا، تو دیکھنے والے خوف زدہ ہو گئے، اور ایسا لگا جیسے وہ واقعی کسی خطرناک جنگل میں موجود ہوں، جہاں ہر طرف جنگلی جانور، حشرات، اور پرندے دیکھے جا سکتے ہیں۔ شہریوں کو ان خوبصورت مناظر کا لطف لینے کے ساتھ ان سے بچنے کا دلچسپ تجربہ بھی حاصل ہوگا۔
شہری جدیدٹیکنالوجی سے لاہور چڑیا گھرمیں جنگلی جانوروں کو قریب سے دیکھ اور چھو سکیں گے
ڈائنوسارس ،ہاتھی اور شیروں سمیت مختلف جانوروں کو انتہائی قریب سے دیکھنےکا موقع ملے گا