جے یو آئی (ف) نے کہا ہے کہ دھوکا مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ ہو رہا ہے۔ترجمان جمیعت علمائے اسلام (ف) اسلم غوری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی ڈیوٹی یہ ہے کہ وہ اپوزیشن کو تقسیم کریں، اور وہ ٹی وی پر بیٹھ کر جھوٹی باتیں کر رہے ہیں۔
اسلم غوری نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور نے کینٹ میں خود کو چھپایا ہوا ہے اور وہ باہر آ کر جھوٹی باتیں کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، دھوکا مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ ہو رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈا پور جیسے لوگ اپوزیشن کو توڑنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ علی امین گنڈا پور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بند کمرے میں معافیاں مانگتے ہیں اور پھر باہر آ کر بڑھکیں مارنا شروع کر دیتے ہیں۔
ترجمان نے وزیر اعلیٰ کے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈی چوک میں اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر بھاگ گئے تھے، اور اب کس منہ سے باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔