عمران خان کی سزا مکافات عمل ہے، 190 ملین پاؤنڈز عوام کی امانت تھے:خواجہ آصف

نواز شریف پر جھوٹے الزامات لگا کر سزا سنائی گئی تھی

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دی گئی سزا دراصل مکافات عمل ہے، کیونکہ 190 ملین پاؤنڈز پاکستانی عوام کی ملکیت ہیں۔

سیالکوٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس کے فیصلے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اس کیس میں تمام حقائق واضح ہو چکے ہیں، اور یہ اکاؤنٹ آج دیفالٹ کی حالت میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ القادر یونیورسٹی کے نام پر عوامی پیسوں کا غلط استعمال کیا گیا، حالانکہ اس یونیورسٹی کا کوئی وجود ہی نہیں ہے۔

وزیر دفاع نے وضاحت کی کہ ساڑھے 400 کنال زمین جس کے ٹرسٹی عمران خان اور ان کی اہلیہ ہیں، پر صرف 400 بچے پڑھتے ہیں حالانکہ اس میں گزشتہ چار سال سے کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ انہوں نے عمران خان پر شوکت خانم کے فنڈز میں بھی خردبرد کے الزامات لگائے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف پر جھوٹے الزامات لگا کر سزا سنائی گئی تھی، جبکہ نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے تحقیقات کے بعد حسن نواز کو کلین چٹ دے دی۔

مذاکرات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ اس فیصلے کا مذاکرات پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ پی ٹی آئی نے خود کہا ہے کہ مذاکرات جاری رہیں گے چاہے فیصلہ کسی بھی جانب جائے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین