پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد ریکارڈ قائم کردیا

پاکستان کے اسپنرز نے اپنی شاندار باؤلنگ کے ذریعے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو پوری طرح بے بس کردیا

ملتان:پاکستان نے ملتان میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

اس میچ میں پاکستان کے اسپنرز نے اپنی شاندار باؤلنگ کے ذریعے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو پوری طرح بے بس کردیا۔ اسپنرز کی گھومتی گیندوں نے حریف ٹیم کے بلے بازوں کو مشکلات میں ڈالے رکھا اور یوں پاکستان نے یہ میچ بآسانی اپنے نام کرلیا۔

قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم گیندوں میں میچ جیتنے کا انوکھا اعزاز حاصل کیا۔ اس میچ میں مجموعی طور پر صرف 1064 گیندیں پھینکی گئیں، جو قومی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں کم ترین گیند بازی کے ساتھ کامیابی کا نیا ریکارڈ ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 280 رنز بنائے، جس میں محمد رضوان اور سعود شکیل کی شاندار 100 رنز سے زائد کی شراکت بھی شامل تھی۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم کے اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں باؤلرز نے 25.2 اوورز میں صرف 137 گیندوں پر مہمان ٹیم کی 9 وکٹیں حاصل کرلیں اور یوں میچ کا خاتمہ صرف 1064 گیندوں میں ہوگیا۔

یہ شاندار فتح قومی ٹیم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی عمدہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت بھی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین