جو بائیڈن کے ہر ایگزیکٹو آرڈر کا خاتمہ میرا پہلا قدم ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے اور ملک کو بدنام کرنے والے عناصر سے چھٹکارا دلائیں گے

واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حلف برداری سے قبل واشنگٹن میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن کے تمام ایگزیکٹو آرڈرز کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

ٹک ٹاک کی بحالی کا وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایپ انہیں پسند ہے، اور امریکہ کو اس کے 50 فیصد شیئرز ملنے چاہئیں۔ انہوں نے اپنی الیکشن کامیابی کو ایک مشکل لیکن بڑی جیت قرار دیا اور زور دیا کہ وہ امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے اور ملک کو بدنام کرنے والے عناصر سے چھٹکارا دلائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی سرحدوں کو محفوظ بنایا جائے گا اور غیر قانونی دراندازی روکی جائے گی۔ ان کے مطابق، ان کی صدارت سے قبل ہی تبدیلیوں کا آغاز ہو چکا ہے، اور ان کی حکومت تاریخی رفتار اور قوت کے ساتھ کام کرے گی۔

غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے ایران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب ایران کے پاس حماس کی مدد کے لیے وسائل نہیں ہیں۔ اس موقع پر ایلون مسک نے بھی خطاب کیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ صدارت سنبھالنے کے پہلے دن ہی متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ امیگریشن سمیت دیگر امور پر درجنوں فیصلے کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بائیڈن انتظامیہ کے ہر غیر ضروری اور ناقص انتظامی حکم کو ان کے عہدہ سنبھالنے کے چند گھنٹوں میں منسوخ کر دیا جائے گا۔

ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا جلاوطنی پروگرام شروع کریں گے، ماحولیاتی قوانین میں نرمی کریں گے، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں ترقی کے لیے اقدامات کریں گے، اور "ڈوگے” نامی ایک نیا محکمہ تشکیل دینے کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے سابق صدور کے قتل کے ریکارڈ فراہم کرنے اور فوج کو جدید "آئرن ڈوم” میزائل ڈھال کی تیاری کی ہدایت دینے کا بھی عزم ظاہر کیا۔نو منتخب صدر نے عوام کو کل کے دن کو خصوصی طور پر یادگار قرار دیتے ہوئے کہا، "آپ کو کل ٹیلی ویژن دیکھنے میں بہت مزہ آئے گا۔”

متعلقہ خبریں

مقبول ترین