سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا ہے کہ مرد اور عورت کبھی برابر نہیں ہو سکتے کیونکہ خدا نے مرد کو زیادہ درجہ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
صبا فیصل حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کئی موضوعات پر کھل کر بات کی۔
پوڈکاسٹ کے دوران ایک سوال کے جواب میں صبا فیصل نے بتایا کہ شادی کے وقت ان کی والدہ نے انہیں نصیحت کی تھی کہ وہ ہمیشہ اپنے شوہر سے ایک قدم نیچے اور پیچھے رہیں۔
انہوں نے والدہ کے حوالے سے مزید کہا کہ شوہر سے ایک قدم پیچھے رہنے کا مطلب یہ ہے کہ جب کبھی مشکل وقت آئے، شوہر مدد کے لیے موجود ہوں گے۔
اداکارہ نے کہا کہ مرد اور عورت کے درمیان مساوات کا تصور ممکن نہیں کیونکہ خدا نے مرد کا رتبہ زیادہ رکھا ہے۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کے اس مؤقف سے کئی لوگوں کو اختلاف ہو سکتا ہے۔
صبا فیصل نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنی والدہ کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے شوہر کو ہمیشہ عزت دی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کے شوہر نے بھی انہیں بےحد عزت دی اور ہمیشہ سر آنکھوں پر رکھا۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کے اور شوہر کے درمیان اختلافات ہوتے ہیں، مگر دونوں نے کبھی ایک دوسرے کی رضامندی کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اختلافات پر شوہر کو دلائل سے قائل کرتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ مرد کا رتبہ زیادہ ہے، مگر ان شوہروں کا رتبہ نہیں ہو سکتا جو اپنی بیویوں کی عزت نہیں کرتے اور انہیں کمتر سمجھتے ہیں۔
اسی گفتگو میں صبا فیصل نے اپنی بیٹی سعدیہ فیصل کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی شوہر کو عزت دینے کے اصول پر عمل کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سعدیہ اپنے شوبز کے کام، بچے کی پرورش اور گھر کے معاملات میں توازن رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے داماد صبح کام پر چلے جاتے ہیں، اور شام میں ان کی بیٹی ان کی خدمت کرتی ہے، ساتھ ہی اپنی پیشہ ورانہ اور گھریلو ذمہ داریاں بھی بخوبی نبھاتی ہے۔
اسی پوڈکاسٹ میں صبا فیصل نے گھریلو ملازماؤں پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ اکثر گھروں میں کام کرنے والی خواتین اہل خانہ کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکا دیتی ہیں، جس سے گھر میں اختلافات پیدا ہوتے ہیں۔