پاکستانی آم، جسے "پھلوں کا بادشاہ” کہا جاتا ہے، اپنی اعلیٰ معیار اور منفرد ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں بےحد مقبول ہے۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق، یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ دنیا بھر میں پاکستانی آم کا سب سے بڑا خریدار کونسا ملک ہے؟
قومی اسمبلی میں پیش کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق، برطانیہ پاکستانی آموں کا سب سے بڑا خریدار بن گیا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے گزشتہ 5 برسوں میں آموں کی برآمدات کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ آم پاکستان کی زرعی برآمدات میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ برطانوی شہریوں نے صرف 6 ماہ کے عرصے میں پاکستانی آم خریدنے پر 17.97 ملین ڈالر خرچ کیے، جو کہ تقریباً 4 ارب 98 کروڑ 60 لاکھ 98 ہزار 863 روپے کے برابر ہے۔ یہ اعداد و شمار برطانیہ کو پاکستانی آموں کا سب سے بڑا خریدار ثابت کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، پاکستانی آم دیگر ممالک میں بھی بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، عمان، جرمنی، کینیڈا، افغانستان، قطر، اور سعودی عرب شامل ہیں۔
پاکستانی آموں کی مسلسل بڑھتی ہوئی عالمی مانگ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا معیار اور ذائقہ بین الاقوامی سطح پر بے مثال ہے۔ یہ رجحان نہ صرف ملکی زراعت بلکہ معیشت کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت ہے۔