ہم نے بچپن میں کبھی نہ کبھی بہن بھائیوں یا دوستوں کے ساتھ بغیر پلک جھپکائے گھورنے کا کھیل کھیلا ہوگا۔ یہ مقابلہ چند منٹ تک ہوتا تھا، مگر کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اگر آپ واقعی دیر تک پلکیں نہ جھپکائیں تو کیا ہوگا؟
اگر چند سیکنڈ تک پلک نہ جھپکنے سے ہماری آنکھوں کی نمی کم ہو سکتی ہے، تو سوچیں کہ اگر آپ گھنٹوں تک پلک نہ جھپکائیں تو آنکھوں پر کیا اثرات پڑیں گے۔
یوٹیوب چینل ‘zackdfilms’ کی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اگر آپ پلکیں جھپکنا بند کردیں تو 30 سیکنڈ میں آپ کی آنکھ کی نمی بخارات بن کر خارج ہونا شروع ہو جائے گی۔
چند منٹ بعد آنکھ کی سطح کی پہلی تہہ خشک ہو جائے گی کیونکہ یہ نمی سے خود کو ڈھانپنے کے لیے پلکوں پر انحصار کرتی ہے۔
تقریباً 10 منٹ بعد، آپ کی نظر دھندلی ہونے لگے گی کیونکہ آنکھ کی سطح پر موجود مائع کی تہہ خراب ہو جائے گی۔
اگر آپ گھنٹوں تک پلکیں نہ جھپکائیں تو تمام نمی ختم ہو جائے گی، جس سے cornea کو شدید نقصان پہنچے گا اور آپ کی نظر متاثر ہو سکتی ہے۔
اس لیے پلک جھپکنا ہماری آنکھوں کی صحت کے لیے ضروری ہے۔