بھارتی ٹیکنالوجی آلات پاکستان کی سائبر سیکیورٹی کے لیے خطرہ

ان مصنوعات میں ممکنہ طور پر وائرس، میلویئر، یا اسپائی ویئر شامل ہوسکتا ہے

پاکستان میں بھارتی ساختہ موبائل فونز، ٹیکنالوجی مصنوعات اور دیگر آلات سائبر سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور صوبائی چیف سیکریٹریز کو ایک اہم مراسلہ ارسال کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ جاری جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث حساس انفارمیشن انفراسٹرکچر پر بھارتی مداخلت کے خطرات موجود ہیں۔ اس مداخلت کے ذریعے اہم اور خفیہ ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ساختہ مصنوعات، ڈیوائسز اور ٹیکنالوجی آلات پاکستان کے لیے سائبر سیکیورٹی خدشات بڑھا سکتے ہیں۔ ان مصنوعات میں ممکنہ طور پر وائرس، میلویئر، یا اسپائی ویئر شامل ہوسکتا ہے، جو صارفین کے ڈیٹا کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

بھارتی ہیکرز فیک ای میلز، جعلی ویب سائٹس، اور نقلی ایپل پورٹلز کے ذریعے حساس ڈیٹا چرانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ایپل کے جعلی معاون ایجنٹس اور بھارت میں موجود سروس سینٹرز کے روپ میں ہیکرز بھی صارفین کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

کابینہ ڈویژن نے مشورہ دیا ہے کہ ایپل کی مصنوعات صرف تصدیق شدہ ری سیلرز سے خریدی جائیں، اور خریداری کے وقت ڈیوائسز کی سیل ضرور چیک کریں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایپل ڈیوائسز کو ہمیشہ ان کے آفیشل چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رکھیں۔ کمیونیکیشن کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ سروسز استعمال کریں، مضبوط پاس ورڈ منتخب کریں، اور ہر ڈیوائس میں اینٹی وائرس ایپلی کیشن انسٹال کریں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین