پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہماری ملاقات ہوئی ہے، جس میں انہوں نے حکومت کو سات دن کا وقت دیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر آج حکومت نے کمیشن بنانے کا اعلان نہ کیا تو تحریک انصاف مذاکرات کا عمل ختم کردے گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اگر کمیشن کا قیام جلد عمل میں نہیں آتا، تو مذاکرات کے مزید ادوار نہیں چل سکیں گے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے ابھی تک کمیشن کے قیام کا اعلان نہیں کیا گیا، حالانکہ ہماری کوشش تھی کہ بات چیت جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے ماحول نے حالات کو جمود کا شکار کردیا ہے۔ کمیشن اگر بننا ہے تو اس میں تین سینئر ججز سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ سے شامل ہونے چاہئیں۔ تحریک انصاف آئین اور قانون کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم آزاد عدلیہ کے حق میں اور 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف اپنی کوششیں کریں گے۔ ساری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ کمیشن کا اعلان آج تک ہونا چاہیے تھا، جو نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ تحریک انصاف کو کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں اور ہم ایسی کسی بات پر یقین نہیں رکھتے۔