پالتو بلی کی غلطی سے استعفیٰ ارسال، خاتون نوکری سے محروم ہوگئی

بلی نے لیپ ٹاپ پر چھلانگ لگائی اور انٹر کا بٹن دب گیا، خاتون کا دعویٰ

چین کی ایک خاتون نے حیرت انگیز واقعہ بیان کیا ہے کہ اس کی پالتو بلی کی حرکت کے نتیجے میں اس کا استعفیٰ باس کو ارسال ہو گیا، جس کے بعد وہ نوکری سے محروم ہوگئی۔

جنوب مغربی چین کے شہر چونگ کنگ میں رہنے والی 25 سالہ خاتون نے بتایا کہ وہ اپنی 9 پالتو بلیوں کے ساتھ رہتی ہیں۔

خاتون کے مطابق، وہ اپنی ملازمت سے متعلق سوچ میں تھی اور استعفیٰ لکھ کر محفوظ کر رکھا تھا، کیونکہ اسے اپنی بلیوں کی کفالت کے لیے ملازمت کی ضرورت تھی۔ اسی دوران، ان میں سے ایک بلی لیپ ٹاپ پر کود پڑی اور انٹر کا بٹن دب گیا، جس سے استعفیٰ خود بخود باس کو بھیج دیا گیا۔

خاتون کا دعویٰ ہے کہ گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے نے اس پورے واقعے کو ریکارڈ کر لیا۔ نوکری بچانے کے لیے خاتون نے فوری طور پر اپنے باس سے رابطہ کیا اور وضاحت دی کہ استعفیٰ اس نے خود نہیں بھیجا، بلکہ بلی کی وجہ سے غلطی ہوئی۔ لیکن باس نے اس بات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

خاتون کی وضاحت کے باوجود، باس نے استعفیٰ قبول کر لیا، جس کی وجہ سے وہ نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ اس کے ساتھ ساتھ سال کے آخر میں ملنے والا بونس بھی ضائع ہوگیا۔ اب وہ ایک نئی ملازمت کی تلاش میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس بلیوں کے کھانے کے لیے بھی پیسے ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

خاتون کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے مزاحیہ تبصرے کرنا شروع کر دیے۔ ایک صارف نے لکھا
"آپ کی بلی دراصل آپ کے باس کی وفادار ہے، اس نے باس کے بونس کے پیسے بچا لیے۔”
ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا:
"بلی کا شکریہ ادا کریں، اس نے آپ کو فیصلہ لینے میں مدد دی اور تذبذب سے نکال دیا۔”

متعلقہ خبریں

مقبول ترین