پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ کے لیجنڈری کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دو اسٹینڈز کو سابق کپتانوں شاہد آفریدی اور یونس خان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور، راولپنڈی اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ اس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل ان اسٹیڈیمز کو اپنے انتظامات کے تحت لے لے گی۔
نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ماجد خان انکلوژر کا نام یونس خان جبکہ قائد انکلوژر کا نام شاہد آفریدی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
لیجنڈری کرکٹر نذر محمد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ظہیر عباس انکلوژر کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
گراؤنڈ سے ملحقہ نئے تعمیر شدہ عمارت میں دو وی وی آئی پی انکلوژرز بنائے گئے ہیں جن میں 1,050 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ ان انکلوژرز کو ماجد خان اور ظہیر عباس کے نام دیے جائیں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم کی تین منزلہ عمارت کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، اور تزئین و آرائش کے باقی کام بھی تیزی سے انجام دیے جا رہے ہیں۔ یہ اقدامات چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔