سیر و تفریح کے لیے دنیا کے خوبصورت ترین مقامات کی فہرست جاری؛ پاکستان کا درجہ کیا ہے؟

پاکستان کے اس علاقے کی خوبصورتی ہر دیکھنے والے کو حیران کر دیتی ہے

پاکستان اپنی قدرتی خوبصورتی، دلکش مناظر اور مہمان نوازی کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے 25 بہترین سیاحتی مقامات کی ایک نئی فہرست جاری کی گئی ہے، جس میں پاکستان کا ایک علاقہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ فہرست برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اقوام متحدہ کی عالمی سیاحت کی تنظیم، سسٹین ایبل ٹریول انٹرنیشنل اور دیگر تنظیموں کے تعاون سے تیار کی ہے۔

اس درجہ بندی میں پاکستان کے دلکش خطے گلگت بلتستان کو 20ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ گلگت بلتستان اپنی حسین وادیوں، شفاف جھیلوں، سرسبز پہاڑوں اور قدرتی عجائبات کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

اس علاقے کی خاص اہمیت کا اندازہ یونیسکو کی عالمی ورثہ فہرست میں شامل دیوسائی کے میدانوں اور شنگریلا کی آئینے جیسی شفاف جھیلوں سے لگایا جا سکتا ہے۔

گلگت بلتستان میں وادیٔ ہنزہ اپنی چیری کے خوشبودار پھولوں، خوبانی کے باغات اور قدیم جھیلوں کے باعث مشہور ہے۔ سرسبز وادیاں اور قدرتی حسن اسے جنت کا دروازہ قرار دینے پر مجبور کر دیتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب گلگت بلتستان کو عالمی سطح پر خوبصورت سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہو۔ اس سے قبل فنانشل ٹائمز نے بھی دنیا کے 50 بہترین سیاحتی مقامات میں گلگت بلتستان کو جگہ دی تھی۔

پاکستان کے اس علاقے کی خوبصورتی ہر دیکھنے والے کو حیران کر دیتی ہے اور اسے دنیا کے سیاحوں کے لیے ایک لازمی مقام بنا دیتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین