کوہلی کو آؤٹ کرنا جرم بن گیا، نوجوان کرکٹر کو شدید تنقید اور گالیوں کا سامنا

ویرات کوہلی بھارت کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کرکٹر ہیں

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے مداحوں نے ایک نوجوان کرکٹر کو گالیاں دینا شروع کر دیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوہلی رنجی ٹرافی کے ایک میچ میں صرف 15 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تقریباً ایک دہائی کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کرنے والے ویرات کوہلی کو ریلوے ٹیم کے تیز رفتار گیند باز ہمانشو سنگوان نے کلین بولڈ کر دیا۔ سنگوان نے کوہلی کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن منایا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

کوہلی کے مداحوں نے سنگوان کے جشن پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان کرکٹر کو سوشل میڈیا پر گالیاں دینا شروع کر دیں۔ کچھ لوگوں نے سنگوان کے خلاف نازیبا کمنٹس بھی کیے۔

ویرات کوہلی بھارت کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کرکٹر ہیں۔ 36 سالہ اس تجربہ کار کھلاڑی کی نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں بڑی تعداد میں فینز ہیں۔ اس میچ میں کوہلی کی کارکردگی دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں 15 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے، لیکن وہ میچ میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح کھیلوں میں جذباتی ردعمل کبھی کبھار حد سے بڑھ جاتا ہے۔ کھیلوں میں جیت اور ہار تو ایک عام بات ہے، لیکن کھلاڑیوں کو ذاتی طور پر نشانہ بنانا مناسب نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین