جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی

اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کے لیے 40 نام زیر غور تھے

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ہائی کورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کے لیے 40 نام زیر غور تھے، تاہم بعد میں 10 ججز کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق، جوڈیشل کمیشن نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز فرح جمشید، انعام اللہ خان، قاضی جواد احسان اللہ کو ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ مدثر امیر، ثابت اللہ، اورنگزیب، عبد الفیاض، صلاح الدین، صادق علی، طارق آفریدی اور اورنگزیب خان کی بطور ایڈیشنل جج تعیناتی کی بھی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس کے دوران ابتدائی طور پر 9 ججز کی تعیناتی کا ایجنڈا تھا، تاہم ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے اجلاس میں کہا کہ انہیں ایک اضافی جج کی بھی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے اس رائے سے اتفاق کرتے ہوئے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیشن کے کچھ ارکان نے اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ 9 ججز کی تعیناتی کا ایجنڈا جاری کیا گیا تھا، اس لیے 10 ججز کی منظوری نہیں دی جانی چاہیے، تاہم اکثریتی رائے کے ساتھ 10 ججز کی تقرری کی منظوری دے دی گئی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین